حزب اللہ کا اسرائیل پر ڈرون حملہ،3 فوجی شدید زخمی

بیروت(جانوڈاٹ پی کے)لبنان سے حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقے میں ڈرون حملہ کیا جس میں 3 اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ کے ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے 3 اسرائیلی فوجیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے حزب اللہ کے حملے میں 3 فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے فضا میں متعدد راکٹس اور ڈرونز کو اہداف تک پہنچے سے قبل فضا میں ہی تباہ کردیا تاہم ایک ڈرون فوجی گاڑی پر گرا۔
حزب اللہ کے حملے میں زخمی ہونے والے اسرائیلی فوج کے اہلکاروں کی شناخت اہل خانہ سے اجازت ملنے کے بعد ظاہر کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ حالیہ ہفتوں میں حزب اللہ کے ڈرون حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ چند روز قبل بھی شمالی اسرائیل کے علاقے شومیرا میں ایک ڈرون حملے میں 12 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے تھے۔
لبنان کی وزارت صحت نے دعویٰ کیا ہے کہ مارچ 2026 سے جاری نئی جنگی لہر میں اب تک لبنان میں کم از کم 2 ہزار 700 سے زائد افراد جاں بحق اور 8 ہزار 400 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے۔



