سندھ میں شدید ہیٹ ویو کا خدشہ، کئی اضلاع میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا امکان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید ہیٹ ویو کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے 31 مئی تک درمیانی سے شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، دادو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ موہن جو دڑو، شکارپور، جیکب آباد اور خیرپور میں بھی درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

اسی طرح تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، میرپورخاص اور جامشورو میں پارہ 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں آئندہ تین روز تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں آج وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جنوب مغرب سے سمندری ہوائیں بھی جاری رہیں گی۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔

مزید خبریں

Back to top button