تھرپارکر میں ڈینگی کیسز پر ہنگامی کارروائی، وی بی ڈی ٹیم کے متاثرہ علاقوں کے دورے

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی\ جانوڈاٹ پی کے) ضلعی صحت افسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی کی ہدایات پر ویکٹر بورن ڈیزیز (VBD) ٹیم نے تعلقہ ڈاہلی کے مختلف دیہات چڑھیار میگھواڑ، چڑھیار سمیجا اور کھینسر میں ڈینگی کیسز کی اطلاع کے بعد ہنگامی کارروائی کی۔

06 مئی 2026 کو ڈی ڈی ایچ او کیوریٹو ڈاکٹر سترام روپانی اور ڈی ڈی ایچ او وی بی ڈی ڈاکٹر محی الدین ڈیرو کی قیادت میں وی بی ڈی ٹیم نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں ڈینگی سے بچاؤ اور روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے۔

ٹیم کی جانب سے علاقوں میں عوامی آگاہی مہم چلائی گئی، جس کے دوران مچھروں کی افزائش روکنے کے حوالے سے عملی مظاہرے بھی کیے گئے۔ اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں ویکٹر سروے کیا گیا اور مشتبہ مریضوں کے لیے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا، جہاں 25 افراد کے ڈینگی NS1 ٹیسٹ کیے گئے، جو تمام منفی آئے۔

وی بی ڈی ٹیم کی جانب سے پہلے سے ڈینگی پازیٹو رہنے والے مریضوں میں لانگ لاسٹنگ انسیکٹی سائیڈل نیٹس (LLINs) بھی تقسیم کیے گئے۔ جبکہ انڈور ریزیڈیول اسپرے (IRS) کے تحت چڑھیار میگھواڑ پاڑہ اور سمیجا پاڑہ میں 120 گھروں اور 195 کمروں میں اسپرے کیا گیا، جبکہ کھینسر میں 15 گھروں اور 32 کمروں کو کوریج دی گئی۔

کارروائی میں مسٹر گلاب رائے (AMS VBD)، مسٹر پونم چند، مسٹر عبدالحلیم، مسٹر ودیش، مسٹر میہار اور مسٹر ابراہیم کمبھار بھی شامل تھے۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button