صحت مرکز پنگریو کی طبی خدمات میں تعطل نہ آنے دینے کافیصلہ

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)صحت مرکز پنگریو کی طبی خدمات میں تعطل نہ آنے دینے کا فیصلہ،نئی عمارت کی تکمیل تک رہائشی سیکشن سے عارضی نظام چلانے کی ہدایت رکن سندھ اسمبلی ارباب امیر امان اللہ کا صحت مرکز کا دورہ، نئی عمارت، طبی سہولتوں اور مسائل پر تفصیلی بریفنگ، متعلقہ انجینئر کو فوری انتظامات کی ہدای پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی ارباب امیر امان اللہ نے صحت مرکز پنگریو کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صحت مرکز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں انتظامی امور اور نئی منظور شدہ عمارت کی تعمیر سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق میمن نے انہیں صحت مرکز کی موجودہ صورتحال، دستیاب طبی سہولتوں، درپیش مسائل اور نئی عمارت کی تعمیر تک عارضی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے رکن سندھ اسمبلی کو بتایا کہ نئی عمارت کی تعمیر کے دوران صحت مرکز کو کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کے بجائے موجودہ عمارت کے رہائشی سیکشن سے طبی خدمات جاری رکھنا زیادہ موزوں اور قابل عمل ہوگا، کیونکہ عارضی اسپتال کے لیے متعدد کمروں اور مختلف شعبوں کی ضرورت ہوتی ہے، جو کسی دوسری جگہ دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس انتظام سے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جا سکے گی۔ بریفنگ کے بعد ارباب امیر امان اللہ نے صحت مرکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکمہ تعمیرات کے انجینئر کو ہدایت کی کہ نئی عمارت کی تعمیر مکمل ہونے تک رہائشی سیکشن میں ضروری تبدیلیاں کرکے عارضی طبی نظام فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ عوام کو صحت کی سہولتوں کے حصول میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ بعد ازاں ارباب امیر امان اللہ نے گوٹھ حاجی عبد الخالق آرائیں میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جہاں مرزا گروپ کے رہنما رضا احمد ایڈووکیٹ، عادل سیف اور سمیع اللہ آرائیں نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ رکن سندھ اسمبلی نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا پیپلز پارٹی پر بڑھتا ہوا اعتماد خوش آئند ہے۔ دریں اثنا ارباب امیر امان اللہ نے مختلف مقامات پر جا کر متعدد مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔



