مکہ اور مدینہ پر حوثی حملوں کی مذمت، مقدس مقامات کا تقدس پامال کرنا ناقابل قبول ہے، او آئی سی

جدہ (ویب ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں پر حوثیوں کے حملوں اور سعودی عرب کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ حوثی حملوں سے بے گناہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا، جبکہ مقدس مقامات اور مساجد کے تقدس کی پامالی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ مقدس مقامات، مساجد اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والی حوثی ملیشیا کی کارروائیاں اسلامی اقدار، بین الاقوامی اصولوں اور عالمی قوانین کے منافی ہیں۔

اسلامی تعاون تنظیم نے واضح کیا کہ مقدس مقامات کے تقدس کی خلاف ورزی ناقابل قبول اور ناقابل برداشت اقدام ہے۔ تنظیم نے زور دیا کہ ایسے اقدامات کے مرتکب عناصر کی حوصلہ شکنی اور مستقبل میں اس نوعیت کی کارروائیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

او آئی سی نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاض کی جانب سے اپنی سلامتی، خودمختاری اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کی جاتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button