’’پورے نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے‘‘حافظ نعیم الرحمان کا حکومت پر شدید وار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت اور موجودہ سیاسی نظام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے پورے نظام کو تہس نہس کردیا ہے، عوام کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں اور موجودہ طرز حکمرانی مزید قابل قبول نہیں۔

لاہور میں خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ ’’یہ فارم 47 موجود ہیں، عوام کے پسندیدہ نہیں ہیں‘‘ اور کہا کہ جماعت اسلامی موجودہ نظام کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ’’پورے نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے‘‘، جبکہ حکومتی کمیٹی کو مسترد کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ پٹرول 225 روپے فی لٹر کیا جائے اور پٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگے پٹرول کا براہ راست بوجھ عام آدمی پر پڑتا ہے اور حکومت کو عوام کو ریلیف دینا چاہیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی ایسے وعدے نہیں کرتی جو پورے نہ کیے جاسکیں۔ ’’ہم وہ نہیں کہتے جو ہو نہیں سکتا، ہمارے پاس قابل لوگ ہیں‘‘، ان کا کہنا تھا کہ ملک کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے باصلاحیت افراد اور مؤثر نظام کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اپنے دھرنے میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ڈاکٹرز بھی دھرنے میں موجود ہیں۔ ان کے مطابق ڈاکٹرز کو بروقت ادائیگیاں نہ ملنے سمیت مختلف مسائل درپیش ہیں اور وہ بھی سراپا احتجاج ہیں۔

جماعت اسلامی کے امیر نے دعویٰ کیا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز سمیت دیگر سرکاری ملازمین بھی احتجاج کررہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوامی اور سرکاری سطح پر مختلف طبقات اپنے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کررہے ہیں۔

پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مریم نواز اور شہباز شریف کی گورننس ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں عوام کے پیسوں سے حکومتی تشہیر کی جارہی ہے، جبکہ عوام کو بنیادی مسائل اور مہنگائی کا سامنا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کے سخت بیانات نے پنجاب کی حکومتی کارکردگی اور ملکی سیاسی نظام کے حوالے سے جاری بحث کو مزید تیز کردیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button