ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال، لاہور اور کراچی میں گاڑیاں بند

کراچی/لاہور(جانوڈاٹ پی کے) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، ٹیکسز اور وزن کی پابندیوں کے خلاف آج بروز 8 اگست سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے پہیا جام ہڑتال کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے ہڑتال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کمشنر آفس میں حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ اگرچہ وفاقی حکومت نے پیر کے روز ٹرانسپورٹ اتحاد کو مذاکرات کے لیے طلب کیا ہے اور اس سلسلے میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، تاہم پیر کے اجلاس کے بعد حتمی لائحہ عمل کے اعلان تک ہڑتال پوری طرح سے جاری رہے گی۔
ترجمان اور عہدیداروں کے مطابق ہڑتال کے بنیادی مطالبات میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری کمی، پیٹرولیم مصنوعات کے یومیہ تعیّن کا خاتمہ، ٹرانسپورٹ سیکٹر پر 7 فیصد وِد ہولڈنگ ٹیکس کی منسوخی، ٹول ٹیکس میں ریلیف، 10 ویلر گاڑیوں کو 35 ٹن وزن کی اجازت، اور ڈرائیورز کے لیے ہیوی لائسنس کے اجراء کو آسان بنانا شامل ہے۔
ہڑتال کے باعث لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گڈز ٹرانسپورٹ اور منی مزدا کی سروسز مکمل طور پر معطل ہو گئی ہیں، گاڑیاں اڈوں تک محدود کر دی گئی ہیں اور کسی بھی قسم کی مال برداری کی روانگی روک دی گئی ہے جس سے سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔



