سونے کی قیمت میں بڑی گراوٹ، فی تولہ بھاؤ میں 3600 روپے کمی

کراچی (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 65 ہزار 536 روپے کا ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 3600 روپے کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 65 ہزار 536 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3086 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 99 ہزار 122 روپے کا ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 36 ڈالر کم ہوکر 4430 ڈالر فی اونس ہوگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3900 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی تھی۔ اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں ایک موقع پر 2.9 فیصد تک اضافہ ہوا اور فی اونس قیمت 4500 ڈالر کی سطح سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔
بلومبرگ کے مطابق سونے کی قیمت میں یہ اضافہ تقریباً دو ہفتوں کے دوران ایک دن میں ہونے والی سب سے بڑی تیزی تھی۔



