گوجرہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 2 نوجوان جاں بحق، 3 افراد شدید زخمی

گوجرہ(جانوڈاٹ پی کے) سمندری روڈ پر 367 ج ب جلیانوالہ کے قریب چنگ چی رکشہ اور دو موٹر سائیکلوں کے درمیان افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل رکشہ سمندری سے گوجرہ جا رہا تھا کہ سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل اس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اسی دوران ایک دوسری موٹر سائیکل بھی رکشے سے جا ٹکرائی جس سے مزید افراد زخمی ہوئے۔
زخمیوں میں محمد عمران (46)، محمد عدنان (44) اور علی (20) شامل ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، تاہم ان کی عمریں تقریباً 22 اور 16 سال بتائی گئی ہیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



