وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا پہلا بڑا فیصلہ، 89 ڈاکٹرز مستقل کرنے کے احکامات جاری

گلگت بلتستان(جانوڈاٹ پی کے) نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا اہم انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے 89 ڈاکٹرز کو ریگولرائز کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

 وزیراعلیٰ نے اپنے پہلے سرکاری آرڈر پر دستخط کرتے ہوئے محکمہ صحت کے 89 ڈاکٹرز کی مستقلی کی منظوری دی۔

یہ اقدام چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کیا گیا جسے صوبے کے صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی مستقلی سے نہ صرف طبی عملے کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے بلکہ صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بھی بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان میں عوامی فلاح، بہتر طرزِ حکمرانی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیح بنایا جائے گا، جبکہ محکمہ صحت سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button