سندھ میں ایک اور صحافی قتل
شدید فائرنگ سے موقع پر موجود معصوم بھتیجی خوف سے جان کی بازی ہار گئی

گھوٹکی(jano.pk) سندھ میں ایک اور صحافی کو قتل کر دیا گیا، ضلع گھوٹکی کے شہر میرپور ماتھیلو میں پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طفیل رند قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے جبکہ موقع پر موجود معصوم بھتیجی خوف سے جان کی بازی ہار گئی۔
صحافیوں کا ایس ایس پی آفس کے سامنے احتجاج و دھرنا، پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کردیا۔
پولیس کے مطابق طفیل رند بچوں کو سکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی، طفیل رند پر میر پور ماتھیلو کے علاقے جروار روڈ مسو واہ پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے طفیل رند جاں بحق ہو گئے، ان کے جسد خاکی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپورماتھیلو منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گھوٹکی میں صحافی طفیل رند کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں پر حملے آزادی صحافت پر حملے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
علاوہ ازیں چچا پر فائرنگ ہونے کے خوف سے 10 سالہ بھتیجی بھی جان کی بازی ہار گئی، بچی رینا اپنے چچا کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر سکول جا رہی تھی کہ ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق چچا پر فائرنگ ہونے کے بعد بچی شدید خوف زدہ تھی اور وہ یہ صدمہ برداشت نہ کر سکی اور جان کی بازی ہار گئی۔
سندھ میں گزشتہ تین ماہ کے دوران کم از کم تین صحافی قتل ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ چند سالوں میں درجنوں صحافی قتل کئے گئے ہیں۔ ابھی گزشتہ ماہ کراچی میں ایک مقامی ٹی وی چینل کے صحاتی امتیاز میر کو بے دردی سے قتل کیاگیا ان کے ملزمان بھی ابھی تک نہیں پکڑے گئے پھر اس سے قبل اگست میں ایک انگریزی اخبار کے رپورٹر خاور حسین کی سانگھڑ سے لاش ملی۔ یہ معمہ بھی ابھی تک حل نہیں ہوپایا جبکہ کچھ عرصہ قبل گھوٹکی میں ہی مقامی صحافی نصر اللہ گھٹانی کو قتل کیاگیا جس کا مقدمہ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی خالد لنڈ اور ان کے بیٹے کے خلاف درج ہوا۔ اسی طرح ماضی قریب میں سکھر سے تعلق رکھنے والے نامور صحافی جان محمد مہر کو بھی گولیاں مار کرموت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ اگر ماضی قریب میں دیکھا جائے تو ناظم جوکھیو، عزیز میمن، آفتاب عالم، ولی خان بابر، خادم حسین شیخ، خرم زکی، صدام لاشاری، اجے للوانی اوردیگر صحافی کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں قتل کئے گئے۔



