گھوٹکی: ایک ایک کروڑ کے انعام یافتہ 2 ڈاکو عدالت سے فرار

گھوٹکی (رپورٹ: وجے کمار چاولا)اوباڑو کی سول کورٹ میں پیشی کے لیے گھوٹکی ڈسٹرکٹ جیل سے سخت سیکیورٹی میں لائے گئے رانوتی کچے سے تعلق رکھنے والے ایک ایک کروڑ روپے کے انعام یافتہ بدنام ڈاکو راحب شر اور موریو شر مبینہ طور پر عدالت کے ایک کمرے کی کھڑکی توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو مختلف مقدمات میں پیشی کے لیے گھوٹکی ڈسٹرکٹ جیل سے اوباڑو سول کورٹ لایا گیا، جہاں دونوں کی مقدمات میں حاضری لگائی گئی۔ حاضری کے بعد دونوں ملزمان کو عدالت کے ایک کمرے میں بٹھایا گیا، جہاں سے مبینہ طور پر کھڑکی توڑ کر دونوں فرار ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی، جبکہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ تاہم آخری اطلاعات تک دونوں ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہیں کیا جاسکا تھا۔ذرائع کے مطابق گھوٹکی ڈسٹرکٹ سینٹرل جیل سے مجموعی طور پر 20 ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے صرف 11 پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات تھے۔ دو انتہائی خطرناک اور انعام یافتہ ڈاکوؤں کے فرار ہونے کے بعد سیکیورٹی میں مبینہ غفلت پر پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او اوباڑو نے سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کو حراست میں لے کر لاک اپ کردیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ راحب شر اور موریو شر کچھ ماہ قبل آپریشن نجاتِ مہراں کے دوران وفاقی انٹیلی جنس اداروں کے تعاون سے جاری سرینڈر پالیسی کے تحت خود پولیس کے سامنے پیش ہوکر گرفتار ہوئے تھے۔ دونوں پر پولیس کی جانب سے ایک ایک کروڑ روپے کا انعام مقرر تھا۔پولیس حراست کے دوران عدالت سے دو انتہائی خطرناک اور ایک ایک کروڑ روپے کے انعام یافتہ ڈاکوؤں کا فرار ہونا گھوٹکی پولیس کے سیکیورٹی انتظامات اور نگرانی پر سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔



