شہید مختیار احمد لغاری کی پہلی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی، وطن کیلئے قربانی پر زبردست خراجِ تحسین

گھوٹکی (رپورٹر وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے)پاک۔بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی ڈرون حملے میں شہید ہونے والے وطن کے سپوت مختیار احمد لغاری کی پہلی برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ ضلعی انتظامیہ گھوٹکی کی جانب سے گاؤں کریم بخش لغاری میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جہاں شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام ﷲ خان دھاریجو، چیئرمین ضلع کونسل بنگل خان مہر، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی، کرنل ذیشان حیدر کاظمی، ایس ایس پی محمد انور کھیتران، شہید کے اہلِ خانہ، معززین علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر جام اکرام ﷲ خان دھاریجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والے مختیار احمد لغاری قوم کے ہیرو ہیں اور پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری نے بھارت کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا۔

چیئرمین ضلع کونسل بنگل خان مہر نے کہا کہ شہیدوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا جبکہ کرنل ذیشان حیدر کاظمی نے کہا کہ مختیار احمد لغاری کی قربانی وطن سے محبت اور دفاعِ پاکستان کے عزم کی روشن مثال ہے۔

تقریب کے دوران شہید کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے جبکہ مختلف سرکاری افسران اور عوام نے بھرپور شرکت کرکے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

مزید خبریں

Back to top button