گھوٹکی:یومِ کرہ ارض 2026 “ہماری طاقت، ہمارا سیارہ” کے تحت شاندار تقریبات کا انعقاد

گھوٹکی(رپورٹ:وجے کمار چاولہ/جانوڈاٹ پی کے)محکمہ تحفظ ماحولیات سندھ کے زیر اہتمام سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی ضلع گھوٹکی کے تحت یومِ کرہ ارض 2026 “ہماری طاقت، ہمارا سیارہ” کے موضوع کے تحت منایا گیا اور اچھی کارکردگی دکھانے والے بچوں میں سرٹیفکٹ تقسیم کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی حکومت سندھ جناب زبیر احمد چنا اور ڈائریکٹر جنرل SEPA جناب وقار حسین پھلپوٹو کی ہدایات پر SEPA ضلعی دفتر گھوٹکی نے اینگرو فرٹیلائزر ڈھرکی، ماڑی پیٹرولیم لمیٹڈ ڈھرکی گیس فیلڈ اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ میرپور ماتھیلو کے تعاون سے تعلقہ میرپور ماتھیلو اور ڈہرکی کے چار سرکاری و نجی اسکولوں میں ماحولیاتی آگاہی سیشن، ڈرائنگ و تقاریر مقابلہ، پوسٹر پریزنٹیشن, ٹیبلوز اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈاکٹر صدورو ناز کیریو، ڈپٹی پروگرام مینیجر، اینگرو فائونڈیشن، سید ریاض احمد شاہ، ریزیڈنٹ مینیجر، ماڑی انرجیز، خرم سلیم، جنرل مینیجر فوجی فرٹیلائزر کمپنی، ہیڈماسٹرز، اساتذہ , سماجی ورکرز سمیت SEPA کے افسران نے شرکت کی۔ شرکا نے ان پروگرام کی وجہ سے بچوں میں ماحولیاتی آگاہی فہلانے کو خوش آئین کہا ۔اور بچوں نے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہوئے اس دن کے نسبت سے ڈرائنگس اور ٹیبلوز پیش کرکے خوب داد کمایا۔ شرکاء نے سیپا کے ان اقدامات کو سراہا اور نوجوان نسل میں ماحولیاتی تحفظ کے شعور کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکاء کو ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور قدرتی وسائل کے تحفظ میں فرد کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر SEPA کے ضلعی انچارج جناب اسداللہ تنیو نے کہا کہ “ہماری طاقت، ہمارا سیارہ” کا موضوع اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ معاشرے کے ہر فرد کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی کوششیں جیسے پلاسٹک کے کم استعمال، پانی کی بچت اور شجرکاری ایک صحت مند ماحول کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ اس کے علاوہ سیپا ضلعی آفس کی طرف سے ڈرائنگ ، اسپیچ اور ٹیبلوز میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو اعلی کارکردگی سرٹیفکٹ دیے گئے۔ اس موقع پر ضلعی انچارج SEPA نے بتایا کہ یومِ ارض کی سرگرمیاں ضلعی سطح پر تین سے چار روز تک جاری رہیں گی جن میں آگاہی سیشنز اور مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔



