🧄🧈گارلک بٹر رائس — خوشبوداراورمزیدارچاول

لہسن اور چاول کا امتزاج دنیا کے کئی کھانوں میں ملتا ہے۔ گارلک رائس کی کئی جدید شکلیں دنیا بھر میں مقبول ہوئیں، جن میں Butter Garlic Rice بھی شامل ہے۔ اس میں روایتی لہسن والے چاولوں کو مکھن کی ملائمت اور خوشبو دی جاتی ہے، جس سے ذائقہ زیادہ رچ اور خوشبودار ہوجاتا ہے۔ آج یہ طرزِ چاول ایشیا کے مختلف ممالک اور بین الاقوامی ریسٹورنٹس میں بطور سائیڈ ڈش پیش کیا جاتا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس کے لیے بچے ہوئے ٹھنڈے چاول زیادہ موزوں رہتے ہیں کیونکہ ان کے دانے نسبتاً خشک اور الگ الگ ہوتے ہیں اور فرائی کرتے وقت چپکتے نہیں۔
اجزا:
باسمتی چاول — 2 کپ
مکھن — 3 کھانے کے چمچ
لہسن — 8 سے 10 جوے، باریک کٹے ہوئے
پیاز — 1 چھوٹی، باریک کٹی ہوئی
کالی مرچ — ½ چائے کا چمچ
نمک — حسبِ ذائقہ
سویا ساس — 1 چائے کا چمچ، اختیاری
ہری پیاز — 2 کھانے کے چمچ
ہرا دھنیا — 1 کھانے کا چمچ
تیل — 1 کھانے کا چمچ
ترکیب:
باسمتی چاول دھو کر 20 سے 30 منٹ بھگو دیں۔ ایک برتن میں پانی ابالیں، نمک شامل کریں اور چاول ڈال کر تقریباً 80 فیصد گلنے تک پکائیں۔ چاول مکمل نرم نہ کریں۔ انہیں چھان کر ٹھنڈا ہونے دیں۔ اگر ممکن ہو تو پہلے سے پکے ہوئے اور فریج میں رکھے ہوئے چاول استعمال کریں، کیونکہ ان سے رائس زیادہ کھلے کھلے اور بہترین بنتا ہے۔
ایک بڑے پین میں تیل اور 2 کھانے کے چمچ مکھن ڈال کر گرم کریں۔ اس میں کٹی ہوئی پیاز شامل کرکے ہلکی سنہری ہونے تک بھونیں۔ اب لہسن شامل کریں اور درمیانی سے ہلکی آنچ پر آہستہ آہستہ بھونیں۔ لہسن کو صرف سنہری کرنا ہے، زیادہ براؤن نہیں کرنا کیونکہ جلا ہوا لہسن کڑوا ہوجاتا ہے۔
اب کالی مرچ اور نمک شامل کریں۔ چاول پین میں ڈال کر ہلکے ہاتھ سے مکس کریں تاکہ دانے ٹوٹیں نہیں۔ اگر سویا ساس استعمال کر رہی ہیں تو اس وقت ایک چائے کا چمچ شامل کریں۔ باقی ایک کھانے کا چمچ مکھن ڈال کر چاولوں کو اچھی طرح ٹاس کریں۔
پین کو ڈھک کر انتہائی ہلکی آنچ پر 5 منٹ دم دیں۔ آخر میں ہری پیاز اور ہرا دھنیا شامل کرکے چاولوں کو کانٹے سے ہلکا سا پھلا دیں۔
پیش کرنے کا انداز:
گارلک بٹر رائس کو گرلڈ چکن، چکن اسٹیک، فرائیڈ چکن، گرلڈ فش، کباب یا سبزیوں کے ساتھ بطور سائیڈ ڈش پیش کیا جاسکتا ہے۔



