ڈیزل مہنگا ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کردیا

فیصل آباد (جانوڈاٹ پی کے) ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد مال برداری بھی مہنگی ہوگئی، فیصل آباد کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے مختلف روٹس کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کردیا۔
ٹرانسپورٹرز کے نئے کرایوں کے مطابق فیصل آباد سے جھنگ کا کرایہ 13 ہزار سے بڑھ کر 14 ہزار 300 روپے ہوگیا، جبکہ لاہور کا کرایہ 18 ہزار 400 سے بڑھ کر 21 ہزار 300 روپے مقرر کردیا گیا۔
اسی طرح فیصل آباد سے کراچی کا کرایہ 70 ہزار 200 سے بڑھ کر 78 ہزار روپے، ملتان کا 20 ہزار 300 سے بڑھ کر 22 ہزار 350 روپے اور پشاور کا کرایہ 61 ہزار 600 سے بڑھ کر 68 ہزار 400 روپے ہوگیا۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈیزل مہنگا ہونے کے بعد مال برداری کے کرایوں میں اضافہ کرنا مجبوری بن چکا ہے۔



