نیب اور انٹرپول کی دبئی میں بڑی کارروائی، 1.4 ارب روپے ہاؤسنگ فراڈ کیس کا مرکزی ملزم گرفتار

دبئی (جانوڈاٹ پی کے پی\ ویب ڈیسک) ابوظہبی میں نیب لاہور اور انٹرپول کی مشترکہ کارروائی کے دوران پام ویسٹا ہاؤسنگ اسکینڈل میں مطلوب مرکزی ملزم محمد قاسم خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم پر 1.4 ارب روپے کے مبینہ ہاؤسنگ فراڈ اور شہریوں کو جعلی پلاٹس کے ذریعے دھوکہ دینے کے الزامات ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی نیب لاہور، ایف آئی اے کے تحت کام کرنے والے نیشنل سنٹرل بیورو پاکستان اور انٹرپول ابوظہبی کے قریبی تعاون سے عمل میں آئی۔ گرفتار ملزم کو متحدہ عرب امارات میں مقامی حکام کے سامنے پیش کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان منتقلی کیلئے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
نیب حکام کا کہنا ہے کہ پام ویسٹا اسکینڈل میں کم از کم 295 متاثرین اپنی جمع پونجی سے محروم ہوئے، جبکہ کیس میں ملوث دیگر ڈائریکٹرز پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ تفتیشی اداروں نے ملزمان کے اثاثے منجمد کر کے آف شور فنڈز اور مالیاتی نیٹ ورکس کی تحقیقات بھی تیز کر دی ہیں۔
قانونی ماہرین کے مطابق یہ گرفتاری بیرون ملک مفرور مالیاتی مجرموں کیلئے واضح پیغام ہے کہ جدید عالمی نگرانی اور انٹرپول تعاون کے باعث اب فرار ممکن نہیں رہا۔



