پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کی حوثی حملوں کی شدید مذمت، سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چاروں ممالک کے گروپ آر فور (R4) نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشترکہ اعلامیے میں حوثی ملیشیا کے حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ حملے مملکت سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق حوثی حملے خطے کی سلامتی، استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔ اس طرح کی خطرناک اشتعال انگیزی کو کسی بھی جواز یا بہانے سے درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔

چاروں ممالک نے سعودی عرب کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے دفاع کے لیے مملکت کی جانب سے کیے جانے والے تمام جائز اقدامات کی حمایت کی ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے دفاعی اقدامات اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق ہیں۔ گروپ نے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button