بھارت میں 100 سالہ قدیم مسجد کی مسماری پر پاکستان کا شدید احتجاج

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے بھارت میں 100 سال سے زائد قدیم مسجد مسمار کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت میں ریاستی سرپرستی میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کی مسلسل بے حرمتی اور مسماری کا فوری نوٹس لیا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تاریخی اسلامی عبادت گاہ کے خلاف یہ قابلِ مذمت اقدام اسلامی ورثے کو مٹانے کی وسیع تر اسلاموفوبک اور ہندوتوا پر مبنی مہم کا ایک اور مظہر ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ تاریخی بابری مسجد کی مسماری آج بھی مذہبی عدم برداشت، تعصب اور نفرت پر مبنی نظریے کی واضح علامت ہے۔
ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکام کو تمام اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کی بنیادی مذہبی آزادیوں اور ثقافتی ورثے کے خلاف اقدامات پر جواب دہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔



