مون سون بارشوں کے اثرات، پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا، کئی مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ متعدد مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 36 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ پر 3 لاکھ 2 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے چناب میں مرالہ اور قادرآباد کے مقامات پر بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ مرالہ پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 95 ہزار کیوسک، خانکی پر 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک اور قادرآباد پر 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج اور دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 73 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ راوی میں جسڑ شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی پر صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
ادارے کے مطابق نارووال نالہ بسنتر میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ گجرات کے نالہ بھمبر اور وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں ہونے والی مسلسل بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے شہریوں، خصوصاً دریا کنارے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔



