فیفا ورلڈ کپ 2026ء کی تقریبِ انعامات میں سپین کا راج، انفرادی اعزازات بھی اپنے نام کر لیے

نیویارک(ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کی رنگا رنگ تقریبِ انعامات میں عالمی چیمپئن سپین نے نہ صرف ٹرافی اپنے نام کی بلکہ انفرادی اعزازات میں بھی نمایاں کامیابیاں سمیٹ کر میلہ لوٹ لیا۔
فائنل میں ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دینے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر نے سپین کے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ ٹرافی اور گولڈ میڈلز سے نوازا، جبکہ رنر اپ ارجنٹینا کی ٹیم کو سلور میڈلز دیے گئے۔
ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے پر سپین کے پاؤ کیوبارسی کو ینگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا، جبکہ کپتان روڈریگو (روڈری) ہرنینڈیز نے بہترین کھلاڑی کا گولڈن بال ایوارڈ اپنے نام کیا۔
سپین ہی کے گول کیپر اونائی سائمن کو بہترین گول کیپر قرار دیتے ہوئے گولڈن گلوز ایوارڈ سے نوازا گیا۔
دوسری جانب فرانس کے اسٹار فارورڈ کلیان ایمباپے نے ایونٹ میں 10 گول اسکور کر کے گولڈن بوٹ جیت لیا۔ وہ مسلسل دوسری مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے فٹبالر بھی بن گئے۔
ورلڈ کپ جیتنے پر سپین کو ٹرافی کے ساتھ 5 کروڑ 35 لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم بھی دی گئی، جو پاکستانی کرنسی میں 14 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔
فائنل سے قبل نیو جرسی سٹیڈیم میں شاندار اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر خصوصی میوزیکل شو بھی پیش کیا گیا، جس نے ایونٹ کے رنگ کو مزید دوبالا کر دیا۔



