تین بار درست اندازہ لگانے والے ماہر کی نئی پیشگوئی:فیفا ورلڈ کپ 2026 کا بادشاہ کون؟

نیو یارک (ویب ڈیسک) گزشتہ تین فیفا ورلڈ کپ کے فاتحین کی درست پیش گوئی کرنے والے جرمن ریاضی دان جواخم کلیمنٹ نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے ممکنہ فاتح کے حوالے سے اپنی نئی پیش گوئی جاری کر دی ہے۔
شمالی امریکا میں جاری 2026 فیفا ورلڈ کپ میں 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور ایک ماہ سے زائد عرصے پر محیط اس میگا ایونٹ میں 100 سے زائد میچز کھیلے جا رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاضیاتی اور مالیاتی ماڈل کی بنیاد پر پیش گوئیاں کرنے والے کلیمنٹ اس سے قبل 2014 میں جرمنی، 2018 میں فرانس اور 2022 میں ارجنٹینا کی کامیابی کی درست پیش گوئی کرچکے ہیں۔
اپنے ریاضیاتی اور مالیاتی ماڈلز کی بنیاد پر کلیمنٹ نے اس بار Netherlands کو 2026 فیفا ورلڈ کپ کا ممکنہ فاتح قرار دیا ہے۔ نیدرلینڈز کی ٹیم ماضی میں تین مرتبہ ورلڈ کپ فائنل تک پہنچ چکی ہے، تاہم اب تک عالمی ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
تاہم ایک حالیہ انٹرویو میں کلیمنٹ نے اپنی پیش گوئی کے بارے میں محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا طریقۂ کار سو فیصد درست نتائج کی ضمانت نہیں دیتا اور بعض اوقات یہ عمل لاٹری یا سکے کے اچھالنے جیسا بھی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ تین درست پیش گوئیوں کے باوجود یہ ضروری نہیں کہ ان کی نئی پیش گوئی بھی درست ثابت ہو، تاہم فٹبال شائقین کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا نیدرلینڈز پہلی بار عالمی چیمپئن بن پاتا ہے یا کوئی اور ٹیم تاریخ رقم کرتی ہے۔



