فیفا ورلڈ کپ فائنل سے پہلے موسم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، حکام نے ایمرجنسی وارننگ جاری کر دی

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے چند گھنٹے قبل نیویارک اور نیو جرسی میں شدید موسمی صورتحال کے پیشِ نظر حکام نے شہریوں کو خطرناک اور جان لیوا سیلابی صورتحال سے خبردار کرتے ہوئے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا۔
اتوار کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ارجنٹائن اور اسپین کے درمیان فائنل شیڈول ہے۔ تاہم، میچ سے قبل خطے میں خراب موسم کے سبب دونوں ٹیموں کی تیاریاں متاثر ہوئی ہیں۔
حالیہ دنوں میں کینیڈا میں جاری جنگلاتی آگ کے سیکڑوں واقعات کے باعث نیویارک اور نیو جرسی کی فضا بھی متاثر ہوئی ہے جبکہ جمعرات کے روز ایک رپورٹ میں نیو جرسی کی ہوا کو حساس افراد کے لیے ’غیر صحت بخش‘ بھی قرار دیا گیا تھا۔
اسموگ اور دھوئیں کے بادلوں کے باعث پہلے ہی فائنل کو منتقل کرنے کے مطالبات سامنے آ رہے تھے اور اب اچانک فلیش فلڈ وارننگ نے صورتحال مزید پیچیدہ بنا دی۔
نیویارک کے بعض شہریوں کو ایسٹرن ٹائم کے مطابق دوپہر تقریباً 12:33 بجے موبائل فون پر ہنگامی پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ علاقے میں دوپہر 3:30 بجے تک اچانک سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
الرٹ میں شہریوں کو خبردار کیا گیا کہ یہ ایک خطرناک صورتحال ہے اور بلا ضرورت سفر سے گریز کریں، سوائے ان افراد کے جو سیلاب زدہ علاقے سے نکل رہے ہوں یا جنہیں انخلا کا حکم دیا گیا ہو۔
موسمی خطرات کے باعث اسپین اور ارجنٹائن دونوں کی فائنل سے قبل تیاریوں میں مشکلات پیدا ہوئیں جبکہ منتظمین میچ کے انعقاد سے متعلق صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔



