ورلڈ کپ 2026 پر تاریخ کا سب سے بڑا سائبر اٹیک! ہیکنگ کی ایک ارب کوششیں ناکام، فیفا کے ہوش اڑا دینے والے انکشافات

خصوصی رپورٹ ( جانو ڈاٹ پی کے)ورلڈ کپ 2026 صرف میدان میں ہی نہیں بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی ایک بڑی جنگ کا مرکز بن گیا۔ فیفا نے انکشاف کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران اب تک ایک ارب سے زائد سائبر حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے، جبکہ ہزاروں جعلی ویب سائٹس اور آن لائن دھوکا دہی کی کوششوں کو بھی بروقت روک لیا گیا۔
فیفا کے مطابق ورلڈ کپ کی بے مثال مقبولیت نے سائبر مجرموں کو بھی متحرک کر دیا۔ سیکیورٹی نظام نے ایک ارب سے زیادہ حملوں کا مقابلہ کیا، 11 ہزار سے زائد خطرناک ڈومینز کو غیر فعال بنایا اور 1,015 ویب سائٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو مسلسل تحفظ فراہم کیا۔ اس دوران 304 ٹیرا بائٹس سیکیورٹی ڈیٹا کا تجزیہ کرکے ممکنہ خطرات کی نگرانی کی جاتی رہی۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق ورلڈ کپ کے نام پر فشنگ حملوں میں تقریباً 500 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ہیکرز نے جعلی ملازمتوں، انعامات اور معروف برانڈز کی فرضی پروموشنز کے ذریعے لوگوں کو اپنے جال میں پھانسنے کی کوشش کی۔
دوسری جانب ورلڈ کپ 2026 نے مقبولیت کے بھی تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ مختلف پلیٹ فارمز پر ویڈیوز کو 20 ارب سے زائد بار دیکھا گیا، جبکہ سوشل میڈیا پر ایونٹ کو 30 ارب سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا اور 1.7 ارب سے زائد صارفین نے اس سے کسی نہ کسی شکل میں تعامل کیا۔ ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر بھی اربوں ویوز ریکارڈ کیے گئے۔
فیفا کی ویب سائٹ پر 18 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد نے وزٹ کیا، جبکہ اس کی ایپس کو 5 کروڑ صارفین نے استعمال کیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران فیفا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر 5 کروڑ 40 لاکھ نئے فالوورز کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فیفا ٹک ٹاک پر دنیا کا سب سے زیادہ فالو کیا جانے والا اسپورٹس اکاؤنٹ بن گیا۔
ورلڈ کپ 2026 نے جہاں کھیل، شائقین اور ڈیجیٹل دنیا میں نئے ریکارڈ قائم کیے، وہیں یہ بھی ثابت کر دیا کہ جدید دور میں بڑے عالمی ایونٹس صرف میدان میں نہیں بلکہ سائبر اسپیس میں بھی شدید حملوں کی زد میں رہتے ہیں۔



