فیفا کی سوشل میڈیا پر پھیلائے جانیوالے نفرت انگیز مواد کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائی

لندن(جانوڈاٹ پی کے)فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے آغاز کے بعد سے سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے نفرت انگیز اور نامناسب مواد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے۔
عالمی فٹبال تنظیم کے مطابق 11 جون سے اب تک کروڑوں پوسٹس اور تبصروں کا جائزہ لیا گیا جن میں سے 3 لاکھ 88 ہزار سے زائد مواد کو حذف کر دیا گیا۔
فیفا کے اعداد و شمار کے مطابق ٹورنامنٹ کے آغاز سے اب تک تقریباً 38 لاکھ سوشل میڈیا پوسٹس کا تجزیہ کیا گیا جبکہ مجموعی نگرانی کے دوران 25 کروڑ سے زیادہ پوسٹس اور تبصروں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ان میں سے 3 کروڑ سے زائد مواد کو نقصان دہ یا نفرت پر مبنی قرار دیا گیا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب فیفا، ٹک ٹاک اور امریکی شہر اٹلانٹا کی انتظامیہ نے نفرت انگیز تقاریر کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا۔
اس تقریب میں کھلاڑیوں، پالیسی سازوں، ٹیکنالوجی ماہرین اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فٹبال کو اتحاد، احترام اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ کا ذریعہ بنانے پر زور دیا گیا جبکہ شرکاء نے نفرت انگیز رویوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھنے کا عہد بھی کیا۔



