فیفا اور یوئیفا میں جنگ شدت اختیار کرگئی، انفانٹینو کے خلاف ’بدنام کرنے کی مہم‘ کا سنگین الزام

زیورخ (جانو ڈاٹ پی کے) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا اور یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا کے درمیان جاری تنازع نے نیا رخ اختیار کرلیا، فیفا نے امریکی عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں یوئیفا پر ادارے اور اس کے صدر گیانی انفانٹینو کے خلاف مبینہ طور پر ’’بدنام کرنے کی مہم‘‘ چلانے کا الزام عائد کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تنازع کی بنیادی وجہ فیفا کے کمرشل حقوق سے متعلق ایک مجوزہ منصوبہ ہے، جسے فیفا فارورڈ انٹرپرائز کے نام سے پیش کیا گیا تھا۔

مجوزہ ادارے کے ذریعے مردوں اور خواتین کے ورلڈ کپ سے منسلک کمرشل حقوق کا انتظام کرنے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم یوئیفا سمیت دیگر علاقائی فٹبال تنظیموں کی شدید مخالفت کے بعد فیفا نے یہ منصوبہ 31 جولائی کو واپس لے لیا۔

دوسری جانب یوئیفا نے انفانٹینو اور فیفا کے دیگر عہدیداروں کے خلاف ممکنہ سوئس فوجداری کارروائی کے لیے امریکا سے دستاویزات اور گواہی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے، جس سے دونوں عالمی فٹبال اداروں کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

فیفا کا مؤقف ہے کہ یوئیفا نے اس منصوبے کو ابتدا ہی سے ناکام بنانے کی کوشش کی، جبکہ یوئیفا کی جانب سے فیفا میں اصلاحات اور صدر کے اختیارات پر حدود عائد کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

ادھر گیانی انفانٹینو مارچ 2027 میں چوتھی مدت کے لیے صدارتی انتخاب لڑنے کے خواہاں ہیں، تاہم انہیں تین کنفیڈریشنز کی جانب سے دباؤ کا سامنا ہے۔

فیفا اور یوئیفا کے درمیان بڑھتا ہوا تنازع عالمی فٹبال کی گورننس، کمرشل حقوق اور فیفا کے صدارتی اختیارات کے حوالے سے ایک بڑے ادارہ جاتی ٹکراؤ میں تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button