لاہور: جعلی برانڈڈ مصنوعات بنانے والا گروہ بے نقاب، 2 ملزمان گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت عمر آفریدی اور محمد عمر کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں لاہور میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے معروف اور رجسٹرڈ کمپنیوں کے نام پر تیار کی جانے والی بڑی مقدار میں جعلی مصنوعات برآمد کی گئیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان جعلی برانڈڈ اشیا کی تیاری اور فروخت کے کاروبار میں ملوث تھے، جو کاپی رائٹ اور دانشورانہ املاک کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد، سپلائی چین اور مارکیٹ میں موجود ممکنہ روابط کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔
حکام کے مطابق جعلی مصنوعات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔



