وفاقی حکومت کاکفایت شعاری پالیسی جاری رکھنے کافیصلہ،خالی اسامیاں ختم،نئی بھرتیوں اورگاڑیوں کی خریداری پرپابندی برقرار


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے رواں مالی سال بھی کفایت شعاری اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ وفاقی کابینہ نے ان اقدامات میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے وزارت خزانہ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جبکہ متعلقہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
فیصلے کے تحت گزشتہ تین سال سے خالی تمام سرکاری آسامیوں کو ختم کر دیا جائے گا، جبکہ نئی آسامیوں کی تخلیق پر پابندی بھی برقرار رہے گی۔
حکومتی فیصلے کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ہر قسم کی نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ مشینری اور آلات کی خریداری پر عائد پابندی بھی بدستور نافذ رہے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری خرچ پر بیرونِ ملک علاج اور غیر ضروری غیر ملکی دوروں پر پابندی بھی برقرار رکھی جائے گی تاکہ حکومتی اخراجات میں مزید کمی لائی جا سکے۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانا، غیر ضروری اخراجات پر قابو پانا اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔