پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ’’فادرز ڈے‘‘ منایا جا رہا ہے

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج "فادرز ڈے” منایا جا رہا ہے، جو ہر سال جون کے تیسرے اتوار کو والد کی محبت، محنت اور قربانیوں کے اعتراف کے طور پر منایا جاتا ہے۔
جس طرح ایک ماں اپنی اولاد کو بے پناہ محبت دیتی ہے، ویسے ہی ایک باپ دن رات محنت کر کے اپنی اولاد کی ضروریات، خواہشات اور خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کرتا ہے، وہ خاموشی سے ہر ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھاتا ہے اور اپنی خوشیوں کو پس پشت ڈال کر بچوں کے بہتر مستقبل کی جدوجہد کرتا ہے۔
باپ، چاہے کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتا ہو، ایک ایسی چھاؤں ہے جو ہر مشکل، ہر مصیبت میں اولاد کیلئے ڈھال بن کر کھڑا رہتا ہے، وہ ایک درخت کی مانند ہے جو خود دھوپ سہتا ہے، مگر اپنی اولاد کو سائے میں رکھتا ہے۔
"فادرز ڈے” صرف ایک دن نہیں، بلکہ ایک یاد دہانی ہے کہ ہمیں اپنے والد کی قدر کرنی چاہیے — نہ صرف آج بلکہ ہر دن۔ آج کا دن اس عظیم ہستی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جو ہماری زندگی کا ستون ہے۔
آئیے! آج کے دن ہم اپنے والد کو سلام پیش کریں اور ان کی بے لوث محبت اور قربانیوں کا شکریہ ادا کریں۔



