ایرانی عدلیہ نے 8 خواتین کی سزائے موت سے متعلق ٹرمپ کے دعوے کو جھوٹا قرار دے دیا

تہران(ویب ڈیسک)ایرانی عدلیہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ ایران میں 8 خواتین کو سزائے موت دی گئی یا ان کی سزا منسوخ کی گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عدلیہ کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی سزائیں جاری ہی نہیں کی گئیں، اور ٹرمپ کے بیانات “جھوٹی خبروں” اور سیاسی پروپیگنڈے پر مبنی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر “حقائق کے برعکس دعوے کر کے” کامیابی کا تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے گزشتہ روز بھی دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے ان کے مطالبے پر ان خواتین کی سزائیں منسوخ کی ہیں، تاہم ایرانی حکام نے اسے بھی بے بنیاد قرار دیا تھا۔ عدلیہ کے مطابق یہ تمام دعوے حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے۔
ایرانی میڈیا نے الزام عائد کیا ہے کہ بار بار غلط بیانی کے ذریعے سیاسی دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ سرکاری ریکارڈ میں ایسی کسی سزا یا مقدمے کی تصدیق موجود نہیں۔



