جناح ہسپتال کی ایمرجنسی سے جعلی ڈاکٹر گرفتار، آپریشن تھیٹر کی کٹ پہن رکھی تھی


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) جناح ہسپتال کی ایمرجنسی سے سکیورٹی اہلکاروں نے مشکوک شخص کو جعلی ڈاکٹر بن کر گھومنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق مشکوک شخص آپریشن تھیٹر کی کٹ پہن کر ہسپتال کی ایمرجنسی میں موجود تھا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے مشکوک حرکات پر اسے روک کر پوچھ گچھ کی تو معلوم ہوا کہ وہ نہ ڈاکٹر ہے اور نہ ہی ہسپتال کا ملازم۔
سکیورٹی اہلکاروں نے مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر مقامی چوکی پولیس کے حوالے کردیا۔ اس کے قبضے سے شناختی کارڈ اور موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق شناختی کارڈ پر مشتبہ شخص کا نام رمضان درج ہے اور وہ مالدیو ہزارہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔