صوبہ بچانے کیلئے ایمرجنسی لگانا پڑی تو ضرور لگائیں گے، فیصل کریم کنڈی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کو بچانے کے لیے اگر ایمرجنسی نافذ کرنا پڑی تو ضرور لگائیں گے، جبکہ موجودہ صورتحال میں صدر مملکت، وزیراعظم اور دیگر متعلقہ ادارے ایمرجنسی کے نفاذ پر غور کر سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اگر صوبے کی صورتحال اس نہج پر پہنچ جائے تو آئینی دائرہ کار کے تحت ایمرجنسی لگانے کی گنجائش موجود ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ اگر ایمرجنسی نافذ ہوئی تو وہ صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پی ٹی آئی رہنما چھپ رہے ہیں اور گرفتاریاں دے رہے ہیں، تاہم وہ صرف بیانات دینے کے بجائے عملی میدان میں صورتحال کا سامنا کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے لانگ مارچ کے حوالے سے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا واقعی لانگ مارچ ہو رہا ہے؟ پشاور میں اس حوالے سے کوئی سرگرمی، کارنر میٹنگ یا بینر نظر نہیں آیا۔ ان کے بقول اب تک لانگ مارچ کے حوالے سے صرف خود ساختہ گرفتاریوں اور روپوشیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے پی ٹی آئی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ پہلے صوابی کراس کرکے دکھائیں، ان کے پاس کوئی واضح پلاننگ نہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ایک ماہ گزر جائے لیکن لانگ مارچ صوابی تک بھی نہ پہنچ سکے۔



