نئی گریڈنگ پالیسی کا پہلا بڑا نتیجہ، کراچی میں 64 فیصد نویں جماعت کے طلبہ فیل

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے) نئی گریڈنگ پالیسی کے نفاذ کے بعد سندھ میں میٹرک کی سطح پر پہلا نتیجہ جاری کردیا گیا، جس میں کراچی کے نویں جماعت جنرل گروپ کے 64 فیصد طلبہ امتحان میں کامیاب نہ ہوسکے، جبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب 36 فیصد رہا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی بورڈ کے تحت سال 2026 کے نویں جماعت جنرل گروپ کے امتحانات میں مجموعی طور پر 14 ہزار 277 طلبہ شریک ہوئے، جن میں سے 5 ہزار 185 طلبہ تمام پرچوں میں کامیاب قرار پائے، جبکہ 8 ہزار 981 طلبہ فیل ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں اسی گروپ کے امتحانات میں کامیابی کا تناسب 54 فیصد سے زائد رہا تھا، جبکہ رواں سال کامیابی کی شرح کم ہوکر 36 فیصد رہ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی گریڈنگ پالیسی کے تحت ہر مضمون میں کم از کم پاسنگ مارکس 33 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد مقرر کیے گئے ہیں، جس کے باعث اس سال بڑی تعداد میں طلبہ تمام مضامین میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے۔ نئی پالیسی کے تحت 2026 میں نویں اور گیارہویں جماعتوں میں گریڈنگ نظام نافذ کیا گیا ہے، جبکہ 2027 میں دسویں اور بارہویں جماعتوں تک اس کا اطلاق کیا جائے گا۔
گزشتہ برس نویں جماعت جنرل گروپ کے امتحانات میں 14 ہزار 984 طلبہ شریک ہوئے تھے، جن میں سے 8 ہزار 149 طلبہ تمام پرچوں میں کامیاب جبکہ 6 ہزار 803 طلبہ فیل ہوئے تھے۔
کراچی بورڈ کی جانب سے نویں جماعت جنرل گروپ کا نتیجہ جاری کیا گیا ہے، جبکہ سائنس گروپ کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔ سندھ کے دیگر تعلیمی بورڈز کے نویں جماعت کے نتائج بھی مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔
نئی گریڈنگ پالیسی کے تحت امتحانی نظام میں کم از کم پاسنگ معیار 40 فیصد مقرر کیا گیا ہے، جس کا مقصد ملک بھر کے امتحانی و اسیسمنٹ نظام میں یکسانیت اور رٹہ سسٹم کے بجائے فہم و تصوراتی جانچ کو فروغ دینا بتایا گیا ہے۔



