منگنی کے صرف 6 ماہ بعد بھارتی اداکارہ اور کرکٹر کی راہیں جدا، رشتہ ختم کرنے کا اعلان

ممبئی(جانو ڈاٹ پی کے): بھارتی اداکارہ اکریتی اگروال اور معروف کرکٹر پرتھوی شا نے منگنی کے تقریباً 6 ماہ بعد اپنی راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا۔
دونوں نے رواں سال 8 مارچ کو منگنی کی تھی، تاہم اب اکریتی اگروال نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں رشتہ ختم ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
اکریتی کے مطابق انہوں نے اور پرتھوی شا نے باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کے اہداف، حالات اور موجودہ ذمہ داریوں میں اختلافات کے باعث دونوں اس نتیجے پر پہنچے کہ ان کے راستے ایک ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتے۔
اداکارہ نے کہا کہ علیحدگی کے باوجود ایک دوسرے کے لیے محبت اور احترام برقرار رہے گا۔ انہوں نے پرتھوی شا اور اپنے لیے مستقبل میں سکون، خوشی اور کامیابی کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
اکریتی نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے اور علیحدگی کی وجوہات سے متعلق قیاس آرائیوں یا مفروضوں سے گریز کیا جائے۔



