مٹھی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، مزدوروں کا احتجاجی مظاہرہ، روڈ بلاک

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) ضلع تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر شہر مٹھی میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر عمیر اشرف نے ڈیپلو موڑ، پیٹرول پمپ، سول اسپتال اور دیگر اہم مقامات پر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کیبن، ریڑھیاں اور دکانوں کے سامنے رکھا سامان ہٹا دیا۔
تجاوزات ہٹانے کے خلاف ریڑھی کمیٹی کے رہنما ولی محمد بجیر کی قیادت میں مزدوروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی معاشی مسائل کا شکار ہیں، تجاوزات کی آڑ میں ہماری ریڑھیاں ہٹائی گئی ہیں، ہمیں دوبارہ انہی مقامات پر ریڑھیاں لگانے کی اجازت دی جائے۔
اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی مٹھی ماجد قائم خانی فوری طور پر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، مظاہرین سے مذاکرات کیے اور انہیں پرامن طریقے سے منتشر ہونے پر آمادہ کر لیا۔ یقین دہانی کرانے پر مظاہرین نے سڑک خالی کر دی، جس کے بعد ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔



