بدین: کھوسکی اور مٹھی کے دیہات میں بجلی کی تاریں اور ٹرانسفارمر چوری

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)کھوسکی تھانے کی حدود میں بجلی کی تاریں اور ٹرانسفارمر چوری، لاکھوں کا نقصان۔پنگریوکے نواحی شہرکھوسکی تھانے کی حدود میں واقع یونین کونسل مٹھی کے مختلف دیہات میں حیسکو کی مین بجلی لائنوں کی تاریں اور ٹرانسفارمر چوری ہونے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث علاقے میں بجلی کا نظام شدید متاثر ہو رہا ہے اور صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یونین کونسل مٹھی کے گاؤں علی پنہور میں نامعلوم چور حیسکو کی بجلی لائن سے ہزاروں روپے مالیت کی تاریں اتار کر لے گئے، جبکہ اسی علاقے میں سیاسی و سماجی رہنما اور سابق ناظم یونین کونسل مٹھی سید عابد حسین شاہ کے گاؤں میں بھی چور ٹرانسفارمر اتار کر اس کے قیمتی پرزہ جات کھول کر ساتھ لے گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق پورے علاقے میں کافی عرصے سے پیشہ ور چوروں کے منظم گروہ سرگرم ہیں، جو باقاعدہ نیٹ ورک کے تحت بجلی کے قیمتی سامان کی چوری میں ملوث ہیں۔ چند ماہ قبل پولیس نے ناکہ بندی کے دوران کارروائی کرتے ہوئے دھان کے بھوسے سے بھری ایک گاڑی سے بجلی کے قیمتی پرزہ جات اور تاریں برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا تھا، تاہم کچھ عرصہ خاموشی کے بعد دوبارہ چوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حیسکو کے متعلقہ افسران اور عملہ اس سنگین مسئلے پر مکمل طور پر لاتعلق دکھائی دیتے ہیں، جبکہ چوری کے واقعات پر سرکاری سطح پر مؤثر مقدمات درج نہ ہونے اور پیروی نہ کرنے کے باعث چوروں کے حوصلے بلند ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ شادی لارج، کھوسکی، اولیا ہيبت فقیر، یونین کونسل مٹھی سمیت پورے علاقے میں اب تک لاکھوں روپے مالیت کی بجلی کی تاریں اور دیگر قیمتی سامان چوری ہو چکا ہے، جس سے نہ صرف بجلی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے بلکہ عوام کو مالی نقصان اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر چوری کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بجلی کے نظام کو محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں

مزید خبریں

Back to top button