بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 9 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سکیورٹی فورسز نے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 26 اکتوبر 2026ء کو کیے گئے ان آپریشنز میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر کارروائی کے دوران تباہ کر دیا۔ اس موقع پر شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع وڈھ میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگاتے ہوئے انہیں مؤثر انداز میں روکا۔ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کی حکمتِ عملی کے تحت وژنِ عزمِ استحکام کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button