آئی ایم ایف پاکستان کو مزید 3.6 ارب ڈالر فراہم کرے گا، مجموعی پروگرام 8.4 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) آئندہ 14 ماہ کے دوران پاکستان کو مزید 3 ارب 60 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرے گا۔

دستاویزات کے مطابق آئی ایم ایف کے جاری ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلیٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلیٹی (RSF) پروگرامز کی مجموعی مالیت 8 ارب 40 کروڑ ڈالر ہے، جس میں سے پاکستان کو اب تک 4 ارب 80 کروڑ ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق آئندہ 14 ماہ میں مزید 3 ارب 60 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ دونوں پروگرامز کے تحت اگلا اقتصادی جائزہ ستمبر میں متوقع ہے، جس کے لیے آئی ایم ایف مشن پاکستان کا دورہ کر سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے، بجٹ خسارہ کم کرنے، ٹیکس ریونیو میں اضافے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔

پروگرام کی اہم شرائط میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، گردشی قرضے میں کمی، سرکاری اداروں کی نجکاری، قرضوں کو پائیدار سطح پر لانا اور مہنگائی میں کمی کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی، سیلاب اور خشک سالی جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی اصلاحاتی اقدامات کرنا ہوں گے۔

آئی ایم ایف کے مطابق ستمبر 2027 تک ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلیٹی کے تحت مجموعی طور پر 7 ارب ڈالر جبکہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق آر ایس ایف پروگرام کے تحت 1.4 ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button