ملائشیا: ہم جنس پرستوں کی خفیہ پارٹی کے جرم میں 51 افراد گرفتار

کوالمپور(مانیٹرنگ ڈیسک)ملائیشیا کے ایک ہوٹل میں مبینہ طور پر منشیات پر مشتمل ہم جنس پرستوں کی پارٹی کے خلاف سیکیورٹی اداروں نے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 51 افراد کو حراست میں لے لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار افراد کی عمریں 21 سے 52 سال کے درمیان ہیں جن میں 28 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق کارروائی مختلف مقامات پر کیے گئے چار الگ الگ چھاپوں کے دوران عمل میں آئی۔

منشیات کی تحقیقات کے محکمے کے ڈائریکٹر حسین عمر خان  نے بیان میں کہا کہ کارروائی کے دوران تقریباً 103,070 رنگٹ مالیت کی غیر قانونی منشیات بھی برآمد کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ گروپ مبینہ طور پر اعلیٰ درجے کے ہوٹلوں کے کمروں کو تفریح، منشیات کے استعمال اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات خطرناک منشیات ایکٹ کے تحت جاری ہیں۔

رپورٹس کے مطابق چھاپوں سے قبل ایک مشتبہ شخص ہوٹل کی لابی میں بے ہوش حالت میں پایا گیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

واضح رہے کہ مسلم اکثریتی ملائیشیا میں ہم جنس پرستی قانوناً جرم ہے جبکہ شرعی قوانین کے تحت بھی ایسے اعمال اور کراس ڈریسنگ پر پابندی عائد ہے۔

مزید خبریں

Back to top button