تھائی لینڈ کے جنگلات میں ’’ڈریگن‘‘ کی نئی نسل دریافت
جنگل سے نکلا ’’سائریکس‘‘! نئی چھپکلی کا نام ہاؤس آف دی ڈریگن کے ڈریگن پر رکھ دیا گیا

بینکاک(جانو ڈاٹ پی کے) تھائی لینڈ کے گھنے پہاڑی جنگلات میں سائنسدانوں نے چھپکلی کی ایک ایسی نئی نسل دریافت کرلی ہے جس کا نام مشہور فینٹسی سیریز ’ہاؤس آف دی ڈریگن‘ کے شاہی ڈریگن ’سائریکس‘ (Syrax) کے نام پر رکھا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حیران کن دریافت مغربی تھائی لینڈ کے مے وونگ کے بلند پہاڑی جنگلات میں ہوئی، جہاں محققین نے ’ماؤنٹین ہارنڈ ڈریگنز‘ نامی گروہ سے تعلق رکھنے والی اس نئی نسل کی شناخت کی۔
تحقیق کے مطابق نئی دریافت شدہ چھپکلی کا نام اس کے زردی مائل رنگ، نسبتاً چھوٹے جسم اور بڑی تعداد میں انڈے دینے کی خصوصیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ’سائریکس‘ رکھا گیا ہے۔ یہ نام ’ہاؤس آف دی ڈریگن‘ میں ملکہ رینیرا ٹارگیرین کے ڈریگن سے متاثر ہے۔
یہ چھپکلی اپنی گردن اور پیٹھ پر موجود کانٹے دار ابھاروں کے باعث عام چھپکلیوں سے خاصی مختلف دکھائی دیتی ہے، جس نے اسے ’ماؤنٹین ہارنڈ ڈریگن‘ گروپ کا منفرد رکن بنا دیا ہے۔
تحقیق گزشتہ ماہ سائنسی جریدے ZooKeys میں شائع ہوئی، جس میں سائنسدانوں نے خبردار کیا کہ تھائی لینڈ کے دور دراز پہاڑی علاقوں میں اب بھی کئی ایسے جاندار موجود ہوسکتے ہیں جو سائنسی دنیا کے لیے بالکل نئے ہیں۔
محققین کے مطابق شمالی اور مغربی پہاڑی سلسلوں میں مزید تحقیق کی جائے تو مزید چھپی ہوئی اور نامعلوم جانداروں کی نسلیں سامنے آنے کا امکان ہے۔



