امریکیوں کی ہلاکت کا جواب دے رہے ہیں، ایران پر سخت حملے جاری رہیں گے، صدر ٹرمپ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران پر شدید حملے کیے ہیں اور یہ کارروائیاں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے ردعمل میں کی جا رہی ہیں۔
فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل کے بعد واشنگٹن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ "ہم نے آج رات ایران پر سخت حملہ کیا، یہ حملہ امریکیوں کو مارنے کا جواب ہے۔”
انہوں نے کہا کہ امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر انہیں گہرا دکھ ہے اور وہ ایسے مقصد کے لیے لڑ رہے تھے کہ ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ ٹرمپ کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایران کے خلاف انتہائی سخت فوجی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
امریکی صدر نے فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے کامیاب انعقاد پر بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال ورلڈ کپ دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں میں شامل ہے۔ انہوں نے فیفا کے صدر اور ان کی ٹیم کو کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے شائقین نے امریکا کو پسند کیا اور اس کی میزبانی کو سراہا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف مسلسل نویں رات حملوں کی نئی لہر شروع کر دی گئی ہے۔
سینٹ کام کے مطابق کارروائیوں کا مقصد ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو مزید کمزور کرنا ہے جنہیں امریکی حکام کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور شہری ملاحوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔
ادھر ایرانی حکام کی جانب سے بھی امریکی حملوں کے جواب میں مختلف مقامات پر میزائل حملوں اور جوابی کارروائیوں کے دعوے کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔



