حتمی معاہدے کیلئے60روزہ روڈ میپ منظور،مذاکرات کی نگرانی کیلئے کمیٹی کے قیام پر اتفاق،ایران امریکا مذاکرات کامشترکہ اعلامیہ
قطر اور پاکستان ثالثی کے اس عمل کی سیاسی نگرانی جاری رکھیں گے،اعلامیہ

برن(جانوڈاٹ پی کے)سوئٹزرلینڈ میں ایران امریکا مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا،پاکستان اور قطر کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔سوئٹزرلینڈ میں ایران امریکا مذاکرات کے متعلق پاکستان اور قطر کی جانب سے جاری کئے گئےمشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اگلے 60 دن میں حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک جامع روڈ میپ پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات فوری طور پر شروع ہوں گے۔جوہری پروگرام، عائد پابندیوں اور نگرانی کے معاملات کے لیے خصوصی ورکنگ گروپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی محفوظ اور بلاتعطل آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے ایک مربوط رابطہ نظام تشکیل دے دیا گیا ہے۔لبنان میں جنگ بندی اور فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے نفاذ کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی ‘ڈی کنفلیکشن سیل’ بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان اب براہِ راست رابطوں کو ممکن بنانے کے لیے ایک نیا فریم ورک بھی تشکیل دیا گیا ہے۔اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ قطر اور پاکستان ثالثی کے اس عمل کی سیاسی نگرانی جاری رکھیں گے اور اپنے سفارتی کردار میں بدستور متحرک رہیں گے۔مزید تکنیکی مذاکرات پورا ہفتہ برگن اسٹاک (سوئٹزرلینڈ) میں جاری رہیں گے، جہاں دونوں جانب کے چیف مذاکرات کار باقاعدگی سے حاصل ہونے والی پیش رفت کی رپورٹ فراہم کریں گے۔



