بلوچستان میں بااختیار نوجوان، ڈیجیٹل مہارتوں اور ای کامرس کے فروغ کا عمل تیزی سے جاری

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان سوشیو اکنامک ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت صوبے کے نوجوانوں کے لیے روزگار اور ڈیجیٹل مہارتوں کے نئے مواقع پیدا ہونے لگے ہیں۔
خاران رائفلز ڈیجیٹل اسکلز پروگرام کے تحت ضلع خاران میں جدید ای کامرس آئی ٹی سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، جہاں 4 ماہرین طلبہ کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ای کامرس کی عملی تربیت فراہم کر رہے ہیں۔
منصوبے کے تحت دسمبر 2026 تک بلوچستان کے 150 سرکاری اور نجی کالجوں میں ای کامرس لیبارٹریاں قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اب تک 40 کالجوں میں لیبارٹریاں مکمل ہو چکی ہیں یا تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
حکام کے مطابق ان ای کامرس لیبارٹریوں کے ذریعے ہر سال بلوچستان کے تقریباً 15 ہزار گریجویٹس کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ یہ منصوبہ صوبے میں ڈیجیٹل معیشت، ہنرمندی اور خودروزگاری کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



