ٹھٹھہ میں ڈیجیٹل ڈومیسائل برانچ کا افتتاح

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن )ٹھٹھہ میں ڈیجیٹل ڈومیسائل برانچ کا افتتاح، سات روز میں ڈومیسائل کی فراہمی ممکن ہوگی، جعلی ڈومیسائل کا خاتمہ ہوگا: صادق علی میمن

ضلع ٹھٹھہ میں عوام کو جدید اور شفاف سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم ڈیجیٹل ڈومیسائل برانچ کا افتتاح رکن قومی اسمبلی صادق علی میمن اور ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے کیا۔

اس موقع پر متعلقہ افسران سمیت پیپلز پارٹی کے رہنما امتیاز قریشی، عبدالحمید سومرو، ممتاز چنڈ، منور ہیلایو دیگر معززین اور شہری بھی موجود تھے۔

افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی صادق علی میمن نے کہا کہ ماضی میں مینیول نظام، غیر مؤثر ویریفکیشن اور مافیا کی وجہ سے شہریوں کو ڈومیسائل کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جس سے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع میں بھی نقصان اٹھانا پڑتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور جدید طرزِ حکمرانی کے وژن کے تحت متعارف کرایا گیا یہ ڈیجیٹل نظام شفافیت، تیز رفتاری اور سہولت کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت بایومیٹرک اور نادرا ویریفکیشن کے بعد صرف ایک مرتبہ دفتر آنا ہوگا جبکہ سات روز کے اندر ڈومیسائل جاری کر دیا جائے گا، تمام ریکارڈ مرکزی ڈیٹا بیس میں محفوظ ہوگا، ہر ڈومیسائل پر کیو آر کوڈ موجود ہوگا اور شہری ڈاک کے ذریعے گھر بیٹھے بھی ڈومیسائل حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئے نظام سے شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، تمام کارروائی خودکار طریقے سے مکمل ہوگی جبکہ جعلی ڈومیسائل کا خاتمہ، شفافیت اور بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جس سے عوام کا وقت اور اخراجات دونوں بچیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button