اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری اور زیرِ التوا مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت، اے ایس پی دیپال پور


دیپال پور (محمد اسلم بھٹی/ جانو ڈاٹ پی کے) اے ایس پی دیپال پور واحد بخش بلوچ کی زیرِ صدارت کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، زیرِ التوا اور اعتراضی چالانوں، مقدمات کی تفتیش اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سرکل کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز، جن میں سید علی رضا شاہ، اختر خان سمیت دیگر پولیس افسران اور تفتیشی افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران اے ایس پی واحد بخش بلوچ نے ہدایت کی کہ اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، اعتراضی چالانوں میں موجود نقائص بلا تاخیر دور کیے جائیں اور زیرِ التوا مقدمات کی تفتیش مقررہ مدت کے اندر مکمل کرکے چالان عدالتوں میں پیش کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام افسران میرٹ، قانون اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے مطابق فرائض انجام دیں تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔
اے ایس پی نے مزید ہدایت کی کہ مقدمات کی تفتیش میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے، کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔