ڈھائی ڈھائی سال کی باریاں،شہباز شریف کی رخصتی کی خبروں کاسچ سامنے آگیا!

لاہور(خصوصی رپورٹ/جانو ڈاٹ پی کے)ملک کی سیاسی بساط اور عوامی معاملات پر دو انتہائی اہم اور سنسنی خیز خبریں سامنے آئی ہیں جنہوں نے مقتدر حلقوں اور عوام دونوں کو شدید حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ چند روز سے یہ افواہیں جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہی تھیں کہ بجٹ کے فوراً بعد وزیراعظم شہباز شریف کو تبدیل کر کے کوئی نیا چہرہ لایا جا رہا ہے اور پیپلز پارٹی کے ساتھ ڈھائی ڈھائی سال حکومت کرنے کا کوئی خفیہ فارمولا طے پا چکا ہے۔ ان افواہوں پر فل اسٹاپ لگاتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ایک ویڈیو بیان میں کڑا موقف اختیار کرتے ہوئے اسے "ملک دشمن ایجنڈا” قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جس وقت شہباز شریف اور آرمی چیف کی جوڑی ملکی معیشت کو سنبھالنے اور عالمی سطح پر امن معاہدے کرانے میں مصروف ہے، ایسے میں وزیراعظم کی تبدیلی کی باتیں صرف ملک کی ترقی کو سبوتاج کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔ سیاسی مبصرین کا بھی دعویٰ ہے کہ یہ موجودہ سیٹ اپ اپنی آئینی مدت پوری کرے گا اور تبدیلی کی تمام خبریں محض ویوز لینے کا ایک سستا ذریعہ ہیں۔ دوسری جانب، پنجاب حکومت کی طرف سے 16 سال کی عمر کے لڑکے اور لڑکیوں کو ڈرائیونگ پرمٹ (Juvenile Driving Permit) جاری کرنے کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس نادانستہ فیصلے کو "لائسنس ٹو کل” (قتل کا پروانہ) قرار دیتے ہوئے مقتدر حلقوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس کچے ذہن اور لڑکپن کی عمر میں ون ٹو فائیو یا اسکوٹی جیسے خطرناک شیطان کے چرخوں کو سڑکوں پر لانے کی اجازت دینا معصوم جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے، اور پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنائے بغیر ایسے فیصلے خدانخواستہ سڑکوں پر خونی حادثات کا سبب بنیں گے۔




