فیروزوالامیں سیلابی صورتحال،متعدد علاقے کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے

فیروزوالہ(جانوڈاٹ  پی کے)فیروزوالہ میں نالہ بھیڑ میں طغیانی کے بعد رچنا ٹاؤن، پٹھان کالونی، بھلہ ڈسن وال سمیت متعدد علاقے کئی کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے، جبکہ چودہ دیہات بھی سیلابی پانی کی لپیٹ میں ہیں۔سیلابی پانی سے پٹھان کالونی کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں اب تک تین نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ہزاروں خاندان گزشتہ کئی روز سے گھروں میں محصور ہیں، جبکہ کئی خاندان گھروں کی چھتوں پر دن رات گزارنے پر مجبور ہیں۔متاثرین کا کہنا ہے کہ گھروں میں کھانے پینے کا سامان ختم ہوچکا ہے، نہ پینے کے لیے پانی دستیاب ہے اور نہ ہی روزگار یا سامانِ زندگی باقی بچا ہے۔ خواتین، بچے اور بزرگ بھی کئی دن سے خوف اور بے یقینی کی صورتحال میں امداد کے منتظر ہیں۔سیلابی پانی نے گھروں اور راستوں کے بعد قبرستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوچکے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق ابتدائی طور پر فلاحی ادارے متاثرین تک پہنچے اور خوراک، پینے کا پانی اور ضروری سامان فراہم کیا، جبکہ سرکاری امداد کئی گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔بیگم کوٹ کے دیہاڑی دار مزدور بھی خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت سیلاب متاثرین کے لیے کھانا لے کر پہنچے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ کئی گھروں میں لوگ محصور ہیں اور بچوں کو کھانا لینے کے لیے کئی کئی فٹ گہرے پانی سے گزرنا پڑ رہا ہے۔متاثرین نے شکوہ کیا کہ اب تک کوئی حکومتی نمائندہ ان کا حال پوچھنے نہیں آیا اور انتظامیہ کی جانب سے بھی بروقت امداد فراہم نہیں کی گئی۔تقریباً 48 گھنٹے بعد ریسکیو ٹیموں نے کشتیوں کے ذریعے محصور خاندانوں کو نکالنے اور امدادی سامان پہنچانے کا عمل شروع کیا ہے، تاہم متاثرین کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button