ضلعی انتظامیہ کی جانب سے21سے25جولائی تک انسداد تجاوزات مہم شروع کرنے کا فیصلہ

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے 21 جولائی سے 25 جولائی 2026 تک ضلع بھر میں انسداد تجاوزات کی جامع مہم چلانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں مہم کا مقصد سرکاری اراضی کو غیر قانونی قبضوں سے واگزار کرانا، عوامی مقامات، بازاروں، شاہراہوں اور دیگر مقامات سے تجاوزات کا خاتمہ اور متعلقہ قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانا ہے جاری ہدایات کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ ریونیو افسران اپنی اپنی حدود میں بھرپور کارروائیاں کریں گے، جبکہ مختلف سرکاری محکموں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھ کر سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تجاوزات کی نشاندہی اور ان کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ مہم کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کا شیڈول تیار کیا جائے جس میں ہدف بنائے گئے مقامات، مجوزہ اقدامات اور عملے کی تعیناتی کی تفصیلات شامل ہوں تمام افسران کو روزانہ کی پیش رفت، تصاویر اور کارروائی کی رپورٹ بھی باقاعدگی سے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے انسداد تجاوزات مہم کے دوران متعلقہ افسران اور عملے کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس سے بھی مکمل تعاون طلب کیا گیا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے اور مہم کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ انسداد تجاوزات مہم میں کسی قسم کی غفلت یا عدم تعمیل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور متعلقہ افسران اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔



