ایرانی ہیکرز کا برطانیہ پر بڑا سائبر حملہ، پاور پلانٹ 4 روز تک بند رہا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حکومت سے وابستہ ہیکرز نے گزشتہ ماہ برطانیہ کے ایک پاور پلانٹ پر سائبر حملہ کرکے اسے چار روز تک مکمل طور پر بند رکھا۔

رپورٹ کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ سمجھا جا رہا ہے جس میں ایرانی ہیکرز برطانیہ میں کسی پاور تنصیب کو مکمل طور پر غیر فعال کرنے میں کامیاب ہوئے۔

برطانوی سکیورٹی حکام نے حساس سکیورٹی خدشات کے باعث متاثرہ پاور پلانٹ کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم ذرائع کے مطابق پلانٹ چار روز تک بند رہا اور عملہ اسے دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کرتا رہا۔

دی ٹیلی گراف کے مطابق متاثرہ پاور پلانٹ ممکنہ طور پر نسبتاً چھوٹا تھا، اس لیے اس کی بندش سے برطانیہ کے مجموعی بجلی کی پیداوار یا ترسیلی نظام پر نمایاں اثر نہیں پڑا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ سائبر حملہ ایسے وقت میں ہوا جب امریکا میں پانی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے پر بھی سائبر حملوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا، جس سے 12 امریکی ریاستیں متاثر ہوئیں اور وائٹ ہاؤس میں بھی تشویش پیدا ہوئی۔

ماہرین کے مطابق اس حملے کا مقصد ممکنہ طور پر یہ ظاہر کرنا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب سے منسلک ہیکرز برطانیہ کے حساس نظام تک رسائی حاصل کرکے اہم تنصیبات کو بند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

برطانوی حکام طویل عرصے سے اہم قومی تنصیبات پر سائبر حملوں کے خطرات سے خبردار کرتے رہے ہیں، تاہم رپورٹ کے مطابق اس سے قبل کسی ہیکر کے برطانیہ میں پاور پلانٹ کو مکمل طور پر بند کرنے کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button