رونالڈو کا نیا کارنامہ: 6 مختلف ورلڈکپ ایڈیشنز میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی

ہوسٹن(جانوڈاٹ پی کے)فیفا ورلڈ کپ میں کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور تاریخ رقم کر دی۔
پرتگال کے اسٹار فٹبالر 6 مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
ہوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف تاریخی سنگ میل عبور کیا۔
میچ کے چھٹے منٹ میں جواؤ کینسلو کے شاندار کراس پر رونالڈو نے دائیں پیر سے خوبصورتی سے اختتام کیا اور گول ہوتے ہی ورلڈ کپ تاریخ کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
اس گول کے ساتھ وہ دنیا کے پہلے ایسے فٹبالر بن گئے ہیں جنہوں نے 6 مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول اسکور کیا ہے۔
رونالڈو نے 2006 ، 2010 اور 2014 میں ایک، ایک، 2018 میں 4 اور 2022 میں بھی ایک گول کیا تھا۔
رونالڈو اس کے ساتھ ورلڈ کپ تاریخ کے دوسرے سب سے عمر رسیدہ گول اسکورر بھی بن گئے ہیں جبکہ یہ ریکارڈ کیمرون کے راجر میلا کے پاس برقرار ہے۔
دلچسپ بات یہ ہےکہ لیونل میسی بھی اس سال چھٹے ورلڈ کپ میں شریک ہیں تاہم وہ ہر ایڈیشن میں گول کرنے کا اعزاز حاصل نہیں کر سکے۔



